کراچی:شہر قائد میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت مرغی کے گوشت سے بھی زیادہ ہوگئی۔اس وقت ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے زیادہ ہے، جب کہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
دکانداروں کے مطابق افغانستان سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے اور پنجاب سے سپلائی محدود ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔کراچی میں ٹماٹر کی 90 فیصد طلب ایرانی ٹماٹر سے پوری ہورہی ہےمگراس کی رسد ناکافی ہوچکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کے سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر کیے ہیں، مگر بچت بازاروں سمیت عام مارکیٹوں میں دکاندار سرکاری نرخوں پر فروخت سے انکار کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ منڈی سے ٹماٹر مہنگا ملنے کی وجہ سے سستا فروخت نہیں کر سکتے،اگر انتظامیہ چاہتی ہے کہ سرکاری نرخ پر فروخت ہو تو پہلے منڈی میں جا کر نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔














