لاہور : وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے رائیونڈ میں تھری وہیلر الیکٹرک وہیکلز پلانٹ کا افتتاح کر دیا اور الیکٹرک رکشہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ بھی کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران چوہدری شافع حسین نے صنعت کاروں سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کیلئے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کا فروغ سب سے اہم ہے، صوبے کی ای وی پالیسی جلد آ رہی ہے جبکہ انوائرمنٹ کریڈٹ پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے، چین سے ایک ہزار الیکٹرک بسیں منگوائی گئی ہیں، کوشش ہے الیکٹرک بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں لگے، الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور انسداد اسموگ میں مدد ملے گی، انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بند کروا دیا جبکہ پراپرٹی مافیا کا خاتمہ کر دیا، انڈسٹریل اسٹیٹس میں پالیسی کے تحت صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل کیے جا رہے ہیں، بھاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار 7 فیکٹریاں لگنے جا رہی ہیں، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 6 نئے کارخانے لگنے جا رہے ہیں۔














