پیرس: فرانسیسی وزیراعظم فرانسوا بائرو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ یہ فرانس کی جمہوری تاریخ میں تیسری بار ہوا ہےکہ پارلیمنٹ کے عدم اعتماد سے حکومت کا تختہ الٹا گیا ہے۔
فرانس کے وزیر اعظم 364 اراکین پارلیمنٹ کے مقابلے میں صرف 194 ووٹ حاصل کرپائے۔وزیراعظم بائرو نے مالی بحران کے حل کے لیے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی قرار داد پیش کی تھی تاہم وہ پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ملک میں جاری مالی بحران حل کرنے میں ناکامی، عوامی تعطیلات ختم کرنا اور فلاحی اخراجات میں کمی وزیراعظم بائرو کے خلاف عدم اعتماد کا سبب بنی، انہوں نے دسمبر 2024 میں عہدہ سنبھالا تھا۔جو کہ ایک سال بھی اپنی مدت پوری نہ کر پایا ۔
حکومت ختم ہونے پراپوزیشن رہنما میریں لی پین نے نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔اس سیاسی صورتحال نے یورپی یونین کی دوسری بڑی معیشت کو سیاسی بحران میں دھکیل دیا ہے اور صدر میکرون کے سیاسی مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
فرانسیسی صدر میکرون کو اب یا تو نئے وزیراعظم کی تقرری کرنا ہوگی یا نئے الیکشن کروا کربحران کا حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ 2026 کا بجٹ منظور ہو سکے۔اب تک گزشتہ 2 سالوں میں 4 وزرائے اعظم آچکے ہیں اور اب پانچواں وزیراعظم بھی شاید اس سیاسی تعطل کو ختم کرنے میں ناکام رہے ۔