کراچی:چیئرمین ائیر کراچی و معروف بزنس مین حنیف گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کی مٹی میں 636 ارب ڈالر مالیت کے سونے کے ذخائر موجود ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف کو اس پر بریفنگ دی جاچکی ہے، آرمی چیف نے اس معاملے پر فوری طور پر مثبت جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم کی مٹی میں سونے کی موجودگی کی تصدیق کے لیے ہم نے غوطہ خوروں کے ذریعے ڈیم کے اندر مٹی کے نمونے حاصل کیے، سیمپلز کو ہم نے لیبارٹری میں اسٹڈی کیا اور اس میں سونے کی آمیزش کی شرح نکالی بعدازاں اس نتیجے کو سونے کی آمیزش والے ایریے کی کیوبک فٹ مٹی سے ملٹی پلائی کیا اس کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ یہاں 636 ارب ڈالر مالیت کا سونا موجود ہوگا۔
حنیف گوہر نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو آگاہ کیا کہ تربیلا ڈیم میں سونے کے ذخائر موجود ہیں ڈیم کی مٹی نکالنے کی اشد ضرورت ہے، تربیلا ڈیم کو بنے ساٹھ برس ہوگئے اور ایک بار بھی اس کی مٹی نہیں نکالی گئی، میں نے یہ تمام گزارشات آرمی چیف کو پیش کیں انہوں نے ایس آئی ایف سی کے سربراہ جنرل سرفراز کی ڈیوٹی لگائی جس کے بعد میں نے جی ایچ کیو جاکر جنرل سرفراز کو بریفنگ دی، انہوں نے معاملہ اس وقت کے چیئرمین واپڈا سجاد غنی کے حوالے کیا۔
حنیف گوہر نے کہا کہ سجاد غنی سے اس حوالے سے بات ہوئی جس پر ہم نے انہیں کہا کہ وہ یہ پروجیکٹ خود کرلیں اگر نہیں کریں تو ہماری کمپنی موجود ہے ہم سرمایہ کاری بھی خود کریں گے اور سارا سونا نکال پر ملک کے حوالے کردیں گے اس پر ہم حکومت کے جواب کے منتظر ہیں۔













