سپین میں تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر ایک اور ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو قرطبہ صوبے کے شہر ایڈاموز کے قریب پیش آیا۔ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 100 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ میڈرڈ سے ہیلوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ریل نیٹ ورک چلانے والے ادارے ایڈف کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ میڈرڈ جانے والی ٹرین ایڈاموز کے قریب اس وقت پٹری سے اتری جب قریبی پٹری سے ایک اور ٹرین گزر رہی تھی۔حادثہ شام چھ بج کر 40 منٹ پر ہوا اور اس سے 10 منٹ قبل ہی ٹرین قرطبہ سے میڈرڈ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔حادثے کا شکار ہونے والی ایریو ایک پرائیویٹ کمپنی ہے جو کہ سرکاری محکمہ ریلوے کے تحت کام کرتی ہے۔محکمہ ریلوے نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ایمرجنسی پروٹوکولز کو متحرک کر دیا گیا ہے اور حکام موقع پر موجود ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان چلنے والی سروس معطل کر دی ہے۔ ٹکرانے والی ٹرین میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جبکہ دوسری ٹرین میں 100 کے قریب مسافر موجود تھے۔قرطبہ کے فائر چیف پاکو کیرمونا نے ٹی وی ای کو بتایا کہ ایک ٹرین میں سے تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دوسری ٹرین کی حالت بہت خراب ہے،دوسری ٹرین میں اب بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ان میں سے کتنے مر چکے ہیں کیونکہ یہ ایک مشکل آپریشن ہے تاہم زندہ لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ اوسکر پیونٹے کا کہنا ہے کہ وہ ایڈف کے ہیڈکوارٹر میں موجود ہیں اور آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایڈاموز کے میئر رفائل مورینو نے مقامی اخبار ای آئی کو بتایا کہ وہ سب سے پہلے موقع پر پہنچنے والے افراد میں شامل تھے اور انہوں نے بہت بڑی تباہی دیکھی،’وہ ایک خوفناک منظر تھا، دونوں ٹرینز پٹری سے اتر چکی تھیں اس کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پہنچیں اور اس وقت لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔














