پرتگال تباہ کن طوفان کرسٹن کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں طوفانی ہواؤں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق طوفان کے باعث کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہزاروں ہنگامی واقعات رپورٹ کیے گئے۔ضلع لیریا کے میئر گونکالو لوپس نے تصدیق کی کہ صرف ان کے ضلع میں چار افراد جان سے گئے، جن میں سے ایک شخص عمارت کے ڈھانچے کے گرنے سے ہلاک ہوا۔ایک اور ہلاکت ویلا فرانکا ڈی زیرا میں اس وقت ہوئی جب تیز ہوا کے باعث درخت ایک چلتی گاڑی پر آ گرا۔پرتگال کی نیشنل اتھارٹی برائے ایمرجنسی اینڈ سول پروٹیکشن کے مطابق دوپہر تک 3,300 سے زائد حادثات رپورٹ ہو چکے تھے، جن کی اکثریت درختوں کے گرنے، ملبہ سڑکوں پر آنے اور اہم شاہراہوں کی بندش سے متعلق ہے۔ کئی مرکزی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے۔طوفان نے بجلی کے نظام کو بھی مفلوج کر دیا۔ پاور گرڈ آپریٹر کے مطابق دوپہر تک تقریباً 5 لاکھ 70 ہزار افراد بجلی سے محروم تھے، جبکہ رات کے وقت یہ تعداد 10 لاکھ تک جا پہنچی تھی۔ وسطی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔مناظر انتہائی خوفناک رہے—کوئمبرا میں میونسپل ایروڈروم مکمل طور پر تباہ ہو گیا، ہینگر میں کھڑے طیارے شدید نقصان کا شکار ہوئے جن میں سے کئی ناقابلِ مرمت قرار دیے جا رہے ہیں۔ لیریا کا فٹبال اسٹیڈیم بھی شدید متاثر ہوا۔ضلع پومبال کے مقامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ پانی کا استعمال محدود رکھیں۔ موسمیاتی ادارے کے مطابق مونٹے ریئل ایئر بیس پر ہوا کا جھونکا 176 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لیریا میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کے مزید تین جھکڑ بھی ریکارڈ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق یہ رفتار ہریکین کی سطح کے قریب ہے۔
عالمی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
عالمی ومقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔یورپین یونین ممالک اور امریکا کے درمیان کشیدہ حالات کے علاوہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کی مشرق وسطی میں آمد کے بعد ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر فوجی مشقوں سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے ہوئے بادل نے عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں غیریقینی ماحول پیدا ہونے سے سونا اور چاندی کی عالمی ومقامی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 211 ڈالر کے اضافے سے 5ہزار 293ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک روزہ کاروبار کے دوران 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت یکدم 21ہزار 100روپے کے ریکارڈ اضافے سے 5لاکھ 51ہزار 662روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 18ہزار 090روپے کے ریکارڈ اضافے سے 4لاکھ 72ہزار 961 روپے کی نئی تاریخ ساز سطح پر آگئی۔اسی طرح فی عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2ڈالر 36سینٹس کے اضافے سے 114ڈالر 27سینٹس کی بلند ترین سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 271روپے کے اضافے سے 11ہزار 911روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 232روپے کے اضافے سے 10 ہزار 211روپے کی بلند سطح پر آگئی ہے۔عالمی سطح پر ڈی ڈالرائزیشن پالیسی سے امریکی ڈالر 4سال کی کم سطح پر آنے، جیوپولیٹیکل صورتحال سے سونے میں اثاثے بڑھانے کے لیے طلب بڑھتی جارہی ہے۔جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک کے سینٹرل بینکس بھی خالص سونے خریداری سرگرمیوں میں اضافے کا رحجان دیکھا جارہا ہے جس سے سونے اور چاندی کی قیمتیں یومیہ بنیادوں پر تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔













